تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:35

سندھ یکجہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت قبول کرلی،شاہی سید

اے آر وائی - عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاسی جماعتوں سے قیام امن کیلئے وسیع تر اتحاد میں شامل ہونے کیلئے تیار ہیں، اس کا حکومت میں رہنے یا نہ رہنے سے کوئی تعلق نہیں۔



ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان ہاؤس میں سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جلال محمود شاہ سے انتیس مئی کو ہونے والی سندھ یکجہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی ہے جو اے این پی نے قبول کرلی ہے۔ سندھ کی تقسیم کی بھرپور مخالفت کی جائے گی، کراچی میں صرف ایک جماعت ہے جو کسی دوسری جماعت کو سیاست کرنے نہیں دے رہی۔



اس موقع پر سید جلال محمود شاہ اور شاہ محمد شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم، پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ق کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو سندھ یکجہتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی اور مشترکہ لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ سندھ میں سیاسی پارٹیوں کے درمیان وسیع تر اتحاد کی ضرورت ہے اس کیلئے کام کیا جارہا ہے ۔



انہوں نے کہا کہ اردو بولنے والے سندھیوں کا بھی سندھ پر اتنا ہی حق ہے جتنا پرانے سندھیوں کا ہے لیکن اردو بولنے والوں کو اپنے آپ کو سندھ دھرتی کا حصہ تصور کرنا چاہیے۔ سندھ کی تقسیم کی باتیں عالمی سازش کا نتیجہ ہے ایم کیو ایم پہلے دن سے عالمی ایجنڈا پر کام کررہی ہے اور اب بھی وہ عالمی ایجنڈا پر چل رہی ہے ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.