2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:47
کراچی مخلتف علاقوں میں فائرنگ سے چار افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں آج مزید چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔ کورنگی میں جاں بحق ہونے والے ایس پی شاہ محمد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ آئی جی سندھ کہتے ہیں شہر کے حالات جان بوجھ کر خراب کئے جارہے ہیں۔
کراچی میں حکومتی کوششوں کے باوجود امن قائم نہ ہوسکا۔ ماڑی پور میں مروت کوچ اڈے پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ نیو سبزی منڈی کے قریب جنجال گوٹھ میں فائرنگ سے نیاز علی جاں بحق ہوا۔ پٹھان کالونی میں نالے سے نوجوان کی تشدد زدہ لاش ملی۔
اسے پھندا لگا کر قتل کیا گیا۔ بلدیہ ٹاؤن سے بوری میں بند لاش برآمد ہوئی۔
کورنگی میں گذشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایس پی شاہ محمد کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹرزگارڈن میں ادا کی گئی۔ آئی جی سندھ مشتاق شاہ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اخترگورچانی، پولیس کے دیگر حکام اور لواحقین نے شرکت کی۔
صحافیوں سے گفتگو میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا جرائم پیشہ افراد کے خلاف ایکشن لینے پر پولیس کو ٹارگٹ کیا جاتا ہے۔ ایس پی شاہ محمد کے قتل کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کراچی کے حالات جان بوجھ کر خراب کئے جارہے ہیں۔ مناسب وقت پر لیاری آپریشن دوبارہ شروع کیا جائے گا۔