2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:49
فیصل آباد :ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کا قتل
اے آر وائی - فیصل آباد میں قتل کیس کی پیروی کرنے پر مخالفین نے گھروں میں گھس کر فائرنگ کر کے ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا۔
حملے کے وقت دس سالہ بچے نے چارپائی کے نیچے چھپ کر جان بچائی ۔ آج علی الصبح ساڑھے تین بجے کے قریب پانچ مسلح افراد نے پہلے سرگودھا روڈ پر شادمان ٹاؤن میں فائرنگ کر کے ارشد اور اس کی سالی عائشہ کو ہلاک کیا اور بعد میں ملت روڈ پر واقع علی ٹاؤن میں مقتولین کے عزیزوں کے گھر کی دیوار پھلانگ کر اندھادھند فائرنگ کر دی جس سے صحن میں سوئی ہوئی غلام فاطمہ ٗ اس کی بہو حاجرہ ٗ حاجرہ کی دو بہنیں رمضانہ اور فرزانہ ٗ رمضانہ کا سات سالہ بیٹا احمد علی جاں بحق جبکہ احمد علی کا بھائی بارہ سالہ جمیل اور رمضانہ کی پندرہ سالہ بہن سکینہ زخمی ہو گئیں ۔
زخمیوں کو الائید ہسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے جہاں ان کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے ۔ مقتولہ حاجرہ کا خاوند صدیق اور دو سالہ بیٹا عثمان واقعہ کے وقت قریبی مرغی فارم میں سوئے ہونے کی وجہ سے بچ گئے ۔ ایس ایس پی آپریشنز صادق علی کا کہنا ہے ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور آج شام تک وہ قاتلوں کو پکڑ لیں گے ۔