تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:53

پنڈی بھٹیاں: پنچایت کے فیصلے پر خاتون کی ٹانگ کاٹ دی گئی

اے آر وائی - ملک میں پنچائیتوں کے ذریعے انتہائی ظالمانہ اور خونخوار فیصلے ہونے لگے ہیں ، پنڈی بھٹیاں میں پنچایت کے حکم پر تین بچوں کی ماں کی ٹانگ کاٹ دی گئی ۔ پاکستان میں پنچائیتی نظام اتنا فعال ، بے لگام اور منہ زور ہے جو برسوں سے آزادانہ کام کررہا ہے اور اسے روکنے والا کوئی نہیں ۔ پنچائیتوں میں ایسے ایسے خونخوار اور وحشتناک فیصلے کیے جاتے ہیں کہ انسان روح تک لرز جاتا ہے ۔



پنجاب کے شہر پنڈی بھٹیاں میںبھی پنچائیت نے ایسا ہی دل دہلا دینے والا فیصلہ دیا ۔ نواحی گائوں سکھیکی کے محلہ رحمت پورہ کی رہائشی خاتون مسرت بی بی کو غیر اخلاقی سرگرمی میں ملوث ہونے کا الزام لگا کر اس کی ایک ٹانگ کاٹ دی گئی ۔ خاتون تین بچوں کی ماں ہے جبکہ اس کا شوہر بیرون ملک ملازمت کرتا ہے ۔



برادری کی پنچائیت نے فیصلہ دیتے ہی اس پر فوری عمل درآمد بھی کیا اور ٹانگ کاٹ کر قبرستان میں دفن کردی ۔ اب یہ خاتون بستر پر پڑی ہے اور ٹانگ سے محروم ہونے کے بعد اپنی باقی ماندہ زندگی بیساکھی کے سہارے گذارے گی ۔



پنچائیت کے اس فیصلے کے بعد لوگ یہ سوچنے پر مجبور ہیں کہ اگر سارے کام اعلی دماغ پنچائیتیوں نے ہی کرنے ہیں تو پھر ملک کے عدالتی نظام کی کیا ضرورت ہے جس پر اربوں روپے سالانہ خرچ ہوتے ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.