2 جون 2012
وقت اشاعت: 20:56
بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے، سید قائم علی شاہ
اے آر وائی - وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے موجودہ حکومت کی جانب سے قومی اسمبلی میں مسلسل پانچویں مرتبہ بجٹ پیش کرنے پر وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہے اور عوام بالخصوص تاجروں، صنعت کاروں، ہنر مندوں، طالب علموں اور خواتین کی بہبود اور انہیں ریلیف دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے گئے ہیں۔
جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے قوم کے لئے ایک متوازن عوامی اور فلاحی بجٹ تیار کر کے قوم کے سامنے پیش کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کے لئے 20 فیصد ایڈہاک الاؤنس کے اعلان سے گورنمنٹ ملازمین کی مناسب اعانت کی گئی جبکہ آمدن پر ٹیکس میں چھوٹ کی رقم کو بڑھا کر 4 لاکھ روپے کرنے سے تمام افراد کو ریلیف دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے این ایف سی ایوارڈ کے تحت صوبوں کے حصے کی رقم 70 فیصد تک بڑھانے اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 20 فیصد اضافہ کرنے کا بھی خیرمقدم کیا ہے۔
سید قائم علی شاہ نے کہا کہ حزب اختلاف کی سازشوں کے باوجود موجودہ جمہوری، عوامی اور منتخب حکومت نے پانچواں سالانہ بجٹ پیش کیا اور تمام ہتھکنڈوں کے باوجود صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کے حل کے لئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے پروگرام اور انتخابی منشور پر مکمل طور پر عمل پیرا ہو کر نئی منزل کی جانب نوید صبح کا آغاز کرے گی۔