4 جون 2012
وقت اشاعت: 15:31
کراچی: فائرنگ اور پرتشدد واقعات، مزید سات چراغ گل
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے تازہ واقعات میں سیکیورٹی گارڈسمیت سات افراد جاں بحق ہوگئے۔
کراچی میں امن کے لئے حکومتی اقدامات اب تک ثمر آور نہیں ہوسکے۔ ساری مشینری مل کر بھی انسانی جانوں کو چھلنی کرتی گولیاں روکنے میں ناکام ہیں۔ شرپسندکھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں۔ سفاک درندوں نے ایسی ہی ایک کارروائی کاغذی بازار میں کی جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
گارڈن عظیم پلازہ پر ایک شخص گولیوں کا نشانہ بنا۔ جس کے بعد کاروبار احتجاجاً بند کردیا گیا۔ گلبہار میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے میاں بیوی زندگی کی بازی ہار گئے۔
پان منڈی میں سڑک پربیٹھے افراد پر فائرنگ سے عرفان ہلاک ۔ حنیف ، یوسف اور اصغر زخمی ہوگئے۔منگھوپیر میں ایک نوجوان کو گولیاں ماری گئیں۔ سپرہائی وے پر نالے سے مغوی نور کی لاش ملی۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ سے رمضان ، عبید، زبیر، عدنان ، ثمرین اور ہدایت اللہ زخمی ہوگئے۔