7 جون 2012
وقت اشاعت: 19:40
پنجاب اسمبلی: تین بلوں سمیت پانچ مسودات قانون منظور
اے آر وائی - پنجاب اسمبلی نے گورنر سردار لطیف کھوسہ کی طرف سے مسترد کردہ تین بلوں سمیت پانچ مسودات قانون منظور کرلئے ۔ لوگل گورنمنٹ بل سمیت بارہ بل ایوان میں پیش کردیئے گئے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر رانا مشہود احمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں متروکہ وقف املاک، سیٹلمنٹ کمشنرز اور پنجاب پبلک ڈیفنڈرز سروس ایکٹ میں گورنر کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے دوبارہ منظور کرلیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے رکن احسان الحق نولاٹیہ نے مسودات قانون کی منظوری کو غیر آئینی قراردیتے ہوئے کہا کہ وفاق نے ابھی تک ان محکموں کو صوبوں کو منتقل نہیں کیا جبکہ وزیر قانون رانا ثنا اللہ کا استدلال تھا کہ وفاق کے معاملات میں متروکہ وقف املاک کا محکمہ موجود نہیں ہے اور صوبوں کو منتقل ہوچکا ہے۔ ایوان میںپارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی اور اینیمل سلاٹر کنٹرول کے مسودات قانون کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر قانون نے مقامی حکومتوں کے نظام پر مشتمل مسودہ قانون سمیت 12 بل بھی ایوان میں پیش کیے جنہیں متعلقہ مجالس قائمہ کے حوالے کردیا گیا۔ وقفہ سوالات میں وزیر جنگلات احمد علی اولکھ نے بتایا کہ پنجاب میں تلور کے شکار پر پابندی ہے جو تین ماہ کے لئے وزارت خارجہ کی اپیل پر سعودی شہزادوں کے لئے اٹھائی جاتی ہے۔ ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس جمعہ کی صبح نو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔