13 جون 2012
وقت اشاعت: 10:31
کراچی بدامنی:مزید 5افراد جاں بحق،ٹارگٹ کلر گرفتار
اے آر وائی - کراچی میں قانون نافذ کرنے والے ادارے ناکام ہو گئے۔ صرف دوگھنٹوں کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات پر پانچ افرادکو موت کی نیند سلا دیاگیا۔
پولیس کے مطابق میمن گوٹھ کے علاقے میں لنک روڈ کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ، مقتولیں کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
اس سے قبل غریب آباد میں ریلوے پھاٹک ، کھارادر میں کھڈا مارکیٹ اور اورنگی ٹاون میں بخاری کالونی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افرادجان کی بازی ہار گئے۔
نیوکراچی لاسی گوٹھ میں فائرنگ کے واقع میں ایک شخص زخمی ہوا۔جو نا مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تیئس سالہ منیر شدید زخمی ہوا جس نے بعد میں دوران علاج اسپتال میں دم توڑ دیا۔
ایس آئی یو پولیس نے مومن آباد کےعلاقے ضیا کالونی میں کاروائی کر کے ٹارگٹ کلر کلیم صدیقی عرف معصوم صدیقی کو گرفتار کر کے اسلحہ بر آمد کرنے کا دعوی کیا ہے پولیس کے مطابق گرفتار ملزم نے پولیس اہلکاروں سمیت کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔