17 اگست 2012
وقت اشاعت: 14:42
بہاولپور:پولیس حراست میں ہلاکت،لواحقین کی تھانہ میں توڑ پھوڑ
اے آر وائی - بہاول پورمیں بابر طفیل نامی شخص کے پولیس کی حراست میں قتل ہونے پر لواحقین نے تھانہ کوتوالی کے باہر احتجاج اور توڑ پھوڑ کی۔ بہاول پور پولیس نے 15 لاکھ روپے کے چیک کے تنازع پر بابر طفیل نامی شخص کو گرفتار کرنے کے لئے لاہور چھاپہ مارا جہاں اس کے نہ ملنے پر اس کے لواحقین کو گرفتار کرکے پولیس بہاول پور لے آئی جس پر بابر طفیل نے بہاول پور آکر گرفتاری دے دی ۔
تھانہ کوتوالی پولیس نے اسے تین روز اپنی حراست میں رکھا جس کے بعد لواحقین کو پتا چلا کہ بابر طفیل کی لاش الائیڈ کاٹن فیکٹری سے ملی ہے، جس پر آج لواحقین نے مشتعل ہو کر تھانہ کوتوالی پر دھاوا بول دیا، توڑ پھوڑ کی۔
اس موقع پر ایس پی انویسٹی گیشن اظہر گجر نے اے آر وائی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے تفتیشی اہلکاروں کے ذمہ دار ہونے کے کچھ ثبوت پائے گئے ہیں اور ہم نے اس کے خلاف 302 کی ایف آئی آر درج کرلی ہے اور تحقیقات جاری ہے۔