19 اگست 2012
وقت اشاعت: 15:31
کراچی پولیس کا عیدالفظر کیلئے سیکیورٹی پلان
اے آر وائی - کراچی پولیس نے عید الفطر کے موقع پر شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ شہر میں تین دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی ہے۔ پانچوں اضلاع میں حساس چوکیاں قائم کی جائیں گی۔
گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی ماہ صیام کے بابرکت مہینے میں شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب نظر آئی ۔ ماہ صیام میں کوئی دن ایسا نہیں گزرا کہ جس دن کوئی ہلاکت یا پھر دہشت گردی کا واقعہ پیش نہ آیا ہو۔پولیس کی جانب سے شہریوں کو تحفظ دینے کے بلند و بالا دعوے تو کئے جاتے رہے مگر دہشت گردوں نے اس دوران اپنی کارروائیاں بھی جاری رکھیں۔شہر میں ٹارگٹ کلنگ کی بڑھتی ہوئی واردات کے پیش نظر محکمہ داخلہ نے تین دن کیلئے ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی ہےجبکہ پولیس نے عید الفطر سے قبل شہریوں کو تحفظ دینے کیلئے سیکیورٹی پلان مرتب کرلیا ہے۔
سیکیورٹی پلان کے مطابق کراچی کے پانچوں اضلاع میں 8ہزار سے زائد پولیس اہلکارں کو تعینات کیا جائیگا جبکہ شہر کے حساس علاقوں میں چوکیاں بھی قائم کی جائیگی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں خراب امن و امان کی صورتحال کے باعث عید کا مزہ بھی کرکرا ہوتا ہوا نظر آرہا تھا کہ سونے پر سہاگہ انتظامیہ کی جانب سے ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد کردی گئی۔ عید تو اصل معنوں میں بچوں کی ہوتی ہے تاہم بڑوں کے ساتھ ساتھ بچوں کو بھی شہر کراچی کی امن و امان کی ابتر صورتحال نے مایوس کردیا ہے۔