19 اگست 2012
وقت اشاعت: 21:9
عید الفطر کے موقع پر کراچی میں سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات
اے آر وائی - عید الفطر کے موقع پر کراچی میں دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکیورٹی کا جامع پلان ترتیب دیدیا ہے ، سیکریٹری داخلہ رضوان میمن کے مطابق شہر بھر میں اندرون سندھ سے پولیس کی اضافی نفری بلاکر مختلف مقامات پر تعینات کی گئی ہے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے ۔
سیکیورٹی کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کیلئے محکمہ داخلہ میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ۔نماز عید کے موقع پر شہر بھر کی تین ہزار سے زائد مساجد، 185 امام بارگاہوں، اور 150 سے زائد کھلے نماز عید کے اجتماعات کے باہر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی جائے گی اورمساجد کے باہر واک تھرو گیٹس لگائے جائیں گے ۔
سیکریٹری داخلہ کا کہنا تھا کہ شہر میں موبائل سروسز بند کرنے کے احکامات جاری نہیں کیے، تمام موبائل کمپنیاں پی ٹی اے کے ماتحت ہیں، جنہیں وفاقی وزارت داخلہ دیکھ رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ تمام پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کرکے انہیں مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے ، جبکہ شہر میں حساس اداروں کو متحرک اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مربوط کیا گیا ہے۔