22 اگست 2012
وقت اشاعت: 19:31
کوئٹہ:اقوام متحدہ کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی
اے آر وائی - کوئٹہ میں ایئر پورٹ روڈ پر اقوام متحدہ اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی جس سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
کوئٹہ میں ایئر پورٹ روڈ پر اقوام متحدہ اور پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے گودام میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگ کا دھواں اور شعلے آسمان سے باتیں کرتے دکھائی دیئے۔ آگ اس قدر شدید تھی کہ اس نے آنا فانا گودام میں موجود سامان کو اپنی لپیٹ میں لے لیاجس سے کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوا جس میں خیمے، ادویات اور دیگر سامان کے کنٹینرز شامل تھے۔
آگ لگنے کے بعد مقامی افراد نے فائربریگیڈ کی ٹیموں کو طلب کیاجنھوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کوشش کی۔ مقامی افراد کا کہنا تھاکہ فائر برگیڈ کا عملہ دیر سے پہنچا ۔ مقامی افراد کا کہنا تھا کہ گودام شہری آبادی کے بالکل قریب ہے جس سے آس پاس کی ابادی کو بھی نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے بھی یہاں موجود گودام میں آگ لگی تھی مگر انتظامیہ نے اس کے تحفظ کی طرف کوئی توجہ نہیں دی۔