23 اگست 2012
وقت اشاعت: 15:17
کراچی میں فائرنگ کے واقعات، 7 افراد زخمی
اے آر وائی - کراچی میں آج فائرنگ اور دیگر پرتشدد واقعات میں تین افراد جان سبحق جبکہ سات افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے کی حدود ایوب گوٹھ میں ذاتی جھگڑے کے دوران مسلح شخص نے فائرنگ کرکے انور ملتانی نامی شخص کو قتل کردیا اور فرار ہوگیا۔
لانڈھی میں سکھن تھانے کی حدود میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تیس سالہ عرفان جان کی بازی ہارگیا۔الاصف اسکوائر کے قریب سے ایک نامعلوم شخص کی ہاتھ پاوں بندھی لاش ملی جسے تشدد کے بعد فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتارا گیا تھا۔مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ناظم آباد کے علاقے میں دکان پر نامعلوم افراد دھماکا خیز مواد پھینک کر فرار ہو گئے جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔رات گئے ملیر ہالٹ اور نارتھ ناظم آباد میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔
گھارادر کاغذی بازار میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جبکہ یاسین آباد میں ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔