24 اگست 2012
وقت اشاعت: 12:50
مردان : شیر گڑھ میں پولیس کے مبینہ تشدد سے طالب علم جاں بحق
اے آر وائی - شیر گڑھ پولیس کی حراست میں ساتویں جماعت کا طالب علم اختر علی پولیس کے مبینہ تشدد کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گیا جس کے بعد لواحقین نے لاش مردان میڈیکل کمپلکس کے سامنے رکھ کر احتجاج کیا۔
اختر علی کو پولیس نے چوری کے الزام میں گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا تھا۔ شام کو حوالات میں اس کی حالت غیر ہوگئی جسے طبی امداد کے لئے مردان میڈیکل کمپلیکس پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ مقتول کے لواحقین کا موقف ہے کہ طالب علم پولیس کے تشدد سے جاں بحق ہوا ہے اور پولیس نے بچے کے گلے میں پھندہ ڈال کراسے موت کے گھاٹ اتارا ہے جبکہ پولیس کا موقف ہے کہ طالب علم نے خود گلے میں پھندہ ڈال کر خودکشی کی ہے۔ طالب علم کے لواحقین نے اسپتال کے باہر سڑک پر لاش رکھ کر احتجاج کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھاکہ طالب علم کی ہلاکت میں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔