25 اگست 2012
وقت اشاعت: 21:6
کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے ۔ چودہ سالہ بھتہ خور اور ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
ٹارگٹ کلر جہانگیر عرف مرتضی جس پر الزام ہے کہ اس نے سنہ دو گیارہ میں سابق ایم پی اے لیاقت قریشی سمیت اکتیس افراد کو قتل کیا ہے پولیس نے ملزم کو ماڑی پور کے علاقے سے گرفتار کیا۔ لانڈھی سے سو سے زائد افراد کے قتل میں ملوث ساجد عرف شترو کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم ملزم کی گرفتاری ظاہر نہیں کی گئی ۔
صدر کے علاقے سے ایک چودہ سالہ بھتہ کور پر گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم دس لاکھ بھتہ کی رقم لینے آیا تھا ۔ گلبہار کے علاقے حاجی مراد گوٹھ میں فائرنگ سے صالح محمد نامی شخص ہلاک جبکہ ثاقب اور ہاشم نامی دو افراد زخمی ہوگئے ، رضویہ کے علاقے میں فراز احمد کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا ۔ واقعے کے بعد رضویہ سوسائٹی میں کشیدگی پھیل گئی ۔
بلدیہ ٹاون میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ٹریفک پولیس اہلکار گوہر عباس کو ہلاک کریا ۔ مقتول کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹر میں ادا کردی گئی۔ پولیس کے مطابق مقتول کے دو بھائیوں کو بھی قتل کیا جا چکا ہے۔ گلستان جوہر میں گھر میں فائرنگ کر کے ایک شخص کو ہلاک کرنے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ ڈیفنس میں سیکورٹی کمپنی کے دفتر میں جھگڑے کے دوران ایک شخص کو چھریوں کے وار کرکے قتل جبکہ دو کو زخمی کردیا گیا۔ بھیم پورہ میں فائرنگ سے شہزاد نامی ہلاک ہوا۔