26 اگست 2012
وقت اشاعت: 13:9
کوئٹہ ، دھماکوں سے سات افراد زخمی
اے آر وائی - کوئٹہ میں سخت سکیورٹی کے باوجود چار دھماکے ہوئے۔ دھماکوں کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکار سمیت سات افرا د زخمی ہوگئے۔
تین دھماکے کوئٹہ کے نواحی علاقے جناح ٹاؤن میں ہوئے۔ پہلا دھماکہ کوئٹہ کے وسطی علاقے جعفر خان جمالی روڈ پر چمن پھاٹک کے قریب ریلوے ٹریک پر ہوا جہاں دھماکہ خیز مواد نصب کیاگیاتھا۔ دھماکے سے سکیورٹی کی چوکی میں موجود اہلکار سمیت چار افراد زخمی ہوگئے۔
دوسرا دھماکہ کلی برات کے علاقے میں ہوا جہاں نامعلوم افراد نے سابق اسسٹنٹ الیکشن کمشنر محمد اسلم مرحوم کے گھر کے قریب دھماکہ خیز مواد نصب کیا تھا ۔ دھماکے سے گھر کے اندر موجود ایک خاتون بچے سمیت زخمی ہوگئی ۔ تیسرا دھماکا کلی برات میں ہی محمد ریاض نامی شخص کے گھر کے قریب ہوا ۔ دھماکے سے شیشہ ٹوٹ گیا جس سے ایک بچی زخمی ہوگئی۔
چوتھا دھماکا بھی کلی برات میں کیاگیا ۔ مسلح افراد ایک گھر پر دستی بم پھینک کرفرار ہوئے۔ دھماکے سے گھر کی دیوار کو نقصان پہنچا۔ دھماکوں میں سات افراد زخمی ہوئے جنہیں سی ایم ایچ ، سول اسپتال اور بی ایم سی منتقل کردیا گیا۔