26 اگست 2012
وقت اشاعت: 16:39
کراچی:رینجرز کا ٹارگیٹڈ آپریشن،54افراد گرفتار
اے آر وائی - کراچی کے علاقے لیاری میں رینجرزنے آپریشن میں چون افراد حراست میں لے کر بھاری تعداد میں اسلحہ برآمدکر لیا۔ پی آئی بی، ماڑی پور اور حاجی کیمپ پر فائرنگ کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔
لیاری کے مختلف علاقوں افشانی گلی ، نوالین ، نیازی چوک ، آٹھ چوک اور چیل چوک کے اطراف جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز نے بیک وقت ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرزکے مطابق کارروائی میں دو اہم ملزمان سمیت چون افراد حراست میں لئے گئے۔ ملزمان سے کلاشنکوف، بارہ بور رائفل ، ٹی ٹی پستول دستی بم ، آئی ای ڈی اور پانچ کلو بارود، ستائس کلو چرس اور تین ہزار شراب کی بوتلیں برآمد ہوئیں۔
لیاری آپریشن کے خلاف لی مارکیٹ ، پاک کالونی ، مواچہ گوٹھ اور لیاری ایکسپریس وے پراحتجاج کیاگیا۔ مشتعل افراد نے ٹائر جلاکر روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا بے گناہ افراد حراست میں لئے گئے ہیں۔
ادھر شہرمیں فائرنگ کے واقعات رک نہ سکے۔ پی آئی بی کالونی میں موٹرسائیکل سواروں کی پولیس موبائل پرفائرنگ سے اہلکارسمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ ماڑی پور روڈ پر مسافر بس پرفائرنگ سے ایک مسافرزخمی ہو گیا۔ پراناحاجی کیمپ کے علاقے بابا بھٹ میں اسلم اور صمد گولیوں کا نشانہ بن گئے۔