26 اگست 2012
وقت اشاعت: 17:19
فائرنگ اور پر تشدد واقعات پولیس اہلکار سمیت 6 افراد زخمی
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت چھ افراد زخمی ہوگئے۔پولیس نے کارلفٹر گروہ سے تعلق رکھنے والے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق سپر مارکیٹ تھانے کی حدود جھنڈا چوک پر جھگڑے کے دوران چھریوں کے وار سے فرخ نامی شخص زخمی ہوا۔
پی آئی بی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد پولیس موبائل پر فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار ذوالفقار اور ایک راہ گیر زخمی ہوگئے ،ماڑی پورروڈ پربس میں فائرنگ سے ایک مسافرزخمی ہو گیا پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی میں مذاحمت پر پیش آیا۔
پرانا حاجی کیمپ کے علاقے بابا بھٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد اسلم اور صمد شدید زخمی ہوگئے ، عید گاہ پولیس نے کارلفٹر گروہ کے تین کارندے علی شاہ،مزمل اور عبدالرحمان کو گرفتار کرلیا۔ سی پی ایل سی اورسرجانی پولیس نے مشترکہ کاروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔