27 اگست 2012
وقت اشاعت: 15:38
کراچی:آج فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں چھ افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چھ افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گزشتہ روز بلدیہ ٹاون میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے سیاسی جماعت کے کارکن نے دم توڑدیا۔
پولیس حکام کے مطابق گارڈن میں پولیس ہٰیڈکوارٹر کے قریب مسلح افراد نے فائرنگ کرکے بتیس سالہ سلطان نامی شخص کو قتل کردیا ، ناظم آباد اورنگ آباد میں گھر سے خاتون کی پانچ روز پرانی لاش ملی ، اسپتال ذرائع کے مطابق مقتولہ کو تشدد کر کے ہلاک کیا گیا ۔ لانڈھی سے نوجوان کی لاش ملی جسے تین گولیاں مارکرقتل کیا گیا، ماڑی پور پرانا ٹرک اڈے کے قریب سے بھی ایک نوجوان کی بوری بند لاش ملی ہے جسے تشدد کے بعد قتل کیا گیا ،مقتولین کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔
ملیر کے علاقے میمن گوٹھ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے عرض محمد نامی شخص جاں بحق ہوگیا مقتول کی لاش کو ضابطے کی کاروائی کے بعد تدفین کیلئے آبائی گاوں ٹھٹھہ روانہ کردیا گیا۔ ،رات گئے سرجانی ٹاون میں فور ۔کے چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اشرف جاوید نامی شخص جاں بحق ہوگیا مقتولین کی لاشوں کو ضابطے کی کاروائی کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
نیٹی جیٹی پل کے قریب سے سمند میں ڈوبی ہوئی لاش برآمد ہوئی ۔گذشتہ روز بلدیہ ٹاون رانگڑ محلہ میں فائرنگ سے زخمی سیاسی جماعت کا کارکن رفیق آج اسپتال میں دوران علاج چل بسا ،سیاسی جماعت کے کارکنان کی ہلاکت اور زخمی ہونے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔