27 اگست 2012
وقت اشاعت: 18:32
لاہور پولیس کا پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن
اے آر وائی - لاہورپولیس نے پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا جبکہ بھاری تعداد میں پتنگیں اور ڈور بھی برآمد کرلی گئیں۔ پولیس کے مطابق عارف آباد کے علاقے میں پتنگ فروشی کی اطلاع ملنے پر جنوبی چھاونی پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر پتنگ فروش صدیق عرف بھولا کو رنگے ہاتھوں گھر میں پتنگیں فروخت کرتے پکڑ لیا۔ ملزم سے بھاری تعداد میں پتنگیں اور ڈور برآمد کی گئی جس کے بعد ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم اور اس کے بھائی پر اس سے قبل بھی پتنگ بازی کے دو مقدمات درج ہیں۔ واضح رہے کہ لاہور میں پتنگ پازی پر پابندی عائد ہے اور پتنگ بازی کے باعث متعدد افراد گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پولیس نے پتنگ بازی اور اس کی خرید و فروخت کرنے والے پچاس سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔