28 اگست 2012
وقت اشاعت: 20:3
لاہور:جرائم روکنےکےلئے4ہزار ریٹائرڈ فوجی بھرتی کرنے کا فیصلہ
اے آر وائی - لاہور میں جرائم کی روک تھام کے لئے 4 ہزار ریٹائرڈ فوجی کنٹریکٹ پر بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ اس بات کا فیصلہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ سکیورٹی کے لئے ریٹائرڈ فوجیوں کی بھرتی کا عمل فوری شروع کیا جائے۔ امن و امان کو بہتر بنانے کے لئے ہر اقدام کیا جائے گا۔ عوام کی دادرسی کے لئے پولیس کو متحرک اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ وزیراعلی نے کہا کہ جرائم کے حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کے لئے اینٹی کرائم ہیلپ لائن کے قیام کا جائزہ لیا جائے اور چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی کی مشاورت سے ہیلپ لائن ماڈل کے بارے میں سات روز میں رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ سٹریٹ کرائم کی روک تھام کے لئے گلی محلوں میں پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں۔ وارداتوں میں ملوث گرفتار ملزموں کے خلاف پراسیکیوشن کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلی نے پرانے کیسوں کی پراگرس رپورٹ بھی 7 روز میں طلب کرلی۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھتہ خوری کی وارداتوں کی روک تھام کے لئے موثر منصوبہ بندی کی جائے۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر امن وامان قائم نہیں ہوسکتا۔ ارکان اسمبلی اپنے اپنے حلقوں کے تھانوں کے بارے میں تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ پولیس میں نچلی سطح پر معاملات درست کرنے کی ضرورت ہے۔