28 اگست 2012
وقت اشاعت: 23:18
کراچی میں بدامنی کی لہر برقرار، سات افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی کی لہر برقرار ہے فائرنگ کے واقعات میں مزید سات افراد جاں بحق ہوگئے،مارٹن کوارٹر میں مشتعل افراد نے بس کو آگ لگادی۔
کراچی میں رات سے اب تک فائرنگ کے واقعات میں سات افراد جان کی بازی ہارگئے، تازہ ترین واقعہ مارٹن کوارٹر میں پیش آیا جہاں ایک سیاسی جماعت کے کارکن کی ہالکت کے بعد کشیدگی پھیل گئی اورمشتعل افراد نے بس کو آگ لگادی۔
اورنگی اور بلدیہ میں سیاسی کارکنان کی نمازجنازہ کے موقع پر کشیدگی رہی ۔پولیس نے اورنگی ٹاؤن فقیر کالونی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گینگ وار کے پانچ ملزمان کوگرفتارکرلیا ۔ پولیس حکام کے مطابق رات گئے نیو کراچی کے علاقے فائیو جے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے محمد اشرف نامی شخص جاں بحق ہوگیا،اس سے قبل لائینز ایریا میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو نوجوان جاں بحق ہوگئے جن میں دانش اور فراز شامل ہیں۔
کورنگی ڈھائی نمبر کے قریب دوران ڈکیتی مذاحمت پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا،جہانگیر روڈ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ چند روز قبل بلدیہ آٹھ نمبر میں فائرنگ سے زخمی ہونے والی مذہبی سیاسی جماعت کے دوکارکن اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئے ۔ بھینس کالونی کے قریب لیبر اسکوئر میں بھی فائرنگ کے واقع میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
اورنگی ٹاون پندرہ نمبر اور بلدیہ نو نمبر میں سیاسی کارکنان کی نماز جنازہ کے موقع پر علاقے میں کشیدگی رہی اور کاروبار بند رہا۔ فائرنگ سے جاں بحق ہونیو الے تینوں سیاسی جماعت کے کارکنان مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا ۔