29 اگست 2012
وقت اشاعت: 15:37
فیصل آباد: گھریلو جھگڑے پر ایک شخص کی خود سوزی
اے آر وائی - فیصل آباد کی گھریلو جھگڑے پر ایک شخص نے خود کو آگ لگالی۔ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے بچنے کے امکان کم ہیں۔
فیصل آباد کے محمد شفیق نے بیوی کی ناراضگی پر انتہائی قدم اٹھایا۔ چاندنی چوک کے رہائشی چھتیس سالہ شفیق نے گھریلوں سے تنگ آکر اور اہلیہ کلثوم کے مطالبے پر علیحدہ گھر لے لیا تھا لیکن ان بن کا سلسلہ نہیں رکا۔
تین بچوں کی ماں اور اسکول ٹیچر کلثوم ایک بار پھر شوہر سے ناراض ہوکر بہن کے گھر چلی گئی۔ محمد شفیق نے آخر ی دم تک اپنی بیوی کو منانے کی کوشش کی لیکن کلثوم نے شوہر کی ایک نہ مانی۔
ہمسائے کا کہنا ہے شفیق نے اہلیہ کو کئی بار منانے کی کوشش کی۔ کلثوم کے رویے اور گھر واپس آنے سے انکار پر شفیق دلبرداشتہ ہوگیا۔ جب کوئی راہ نظر نہ آئی تو شفیق نے خود پر مٹی کا تیل ڈال کر آگ لگالی۔
بری طرح جھلسے ہوئے شفیق کو الائیڈ اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شفیق کے جسم کا نوے فیصد حصہ جھلس چکا ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق شفیق کے بچنے کے امکانات بہت کم ہیں۔