29 اگست 2012
وقت اشاعت: 23:3
کراچی میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی ہے،قائم علی شاہ
اے آر وائی - وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی کی بدامنی کی ذمہ داری قانون نافذ کرنے والے اداروں کی سست روی کو قرار دیدیا۔ وزیراعلی ہاوس مین امن و امان کے اجلاس کی صدارت کی۔
وزیراعلی کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے بعد کراچی میں امن وامان کی صورتحال خراب ہوئی ہے ایسا لگتا ہے کہ گزشتہ دو روز کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سست روی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نےپولیس اور رینجرز کو سپر اور نیشنل ہائی ویز پر سکیورٹی اور گشت میں اضافہ کرنے اور ملک کے دیگر حصوں سے شہر میں داخل ہونے والے افراد پر کڑی نظر رکھنے کے احکامات دیئے ہیں۔
وزیراعلیٰ ہاؤس میں امن وامان کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت فرقہ وارانہ ، سیاسی و نسلی طور پر ہونے والے جھگڑے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے سیاسی و انتظامی طور پر کوششیں کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات مشاہدے میں آئی ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف مناسب تفتیش اور ٹھوس شواہد نہ ہونے کی وجہ سے ان کو عدالتیں رہا کردیتی ہیں اس لئے پولیس کے سینئر عملداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مجرموں کے خلاف ٹھوش شواہد اکھٹا کریں اور ان کے خلاف موثر تفتیش کی جائے تاکہ ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں امن وامان کی خراب صورتحال کا ایک سبب منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے درمیان ہونے والی لڑائی ہے۔