30 اگست 2012
وقت اشاعت: 20:1
سندھ اسمبلی بلڈنگ میں بم کی اطلاع افواہ ثابت ہوئی
اے آر وائی - کراچی میں سندھ اسمبلی بلڈنگ میں بم کی اطلاع افواہ ثابت ہوئی ، دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ریڈ زون میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کردی گئی ۔ ریڈ زون میں سندھ اسمبلی بلڈنگ اور زیر تعمیر نیو اسمبلی بلڈنگ میں بم کی اطلاع افواہ ثابت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق نامعلوم شخص نے پولیس کنٹرول میں سندھ اسمبلی بلڈنگ میں بم کی موجودگی کی اطلاع دی ، جس پر پولیس حرکت میں آگئی اور چاروں اطراف سے سندھ اسمبلی کی بلڈنگ کو گھیرے میں لے کر بم کی تلاش شروع کردی، بعد ازاں بم ڈسپوزل اسکواڈ اورسراغ رساں کتوں کی مدد سے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد عمارت کو کلیئر قرار دیدیا گیا ۔
دوسری جانب دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ریڈ زون میں سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے۔ ایس ایس پی ساؤتھ آصف اعجازکے مطابق ریڈ زون میں واقع سی ایم ہاؤس، سندھ سیکریٹریٹ ، گورنر ہاؤس، اور تمام سفارتی مراکز کے باہر سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ ریڈ زون کی تمام شاہراہوں پر اسنیپ چیکنگ بھی بڑھادی گئی ہے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیموں کو مختلف مقامات پر بھی تعینات کیا گیا ہے ۔