30 اگست 2012
وقت اشاعت: 21:50
پنجاب میں ڈینگی کے مصدقہ ڈینگی کیسز کی کل تعداد 23 ہو گئی
اے آر وائی - لاہور کے میو اسپتال میں ڈینگی کی ایک اور مریضہ کی تصدیق ہو گئی، پنجاب میں ڈینگی کے مصدقہ ڈینگی کیسز کی کل تعداد 23 ہو گئی جبکہ پنجاب کے اسکولوں اور کالجز میں آدھے آستینوں کی قمیضں اور نیکر پہننے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
میو اسپتال میں زیر علاج 22سالہ فرح میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہو گئی جس کے بعد پنجاب میں ڈینگی بخار سے متاثر ہونےو الے مصدقہ کیسز کی تعداد 23 ہو گئی ہے۔ لاہور کے مخلتف ٹاؤنز میں ڈینگی مچھروں کا لاروا مل رہا ہے جس کے باعث وزیر اعلی پنجاب نے دو ستمبر کو اینٹی ڈینگی ڈے منانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس دن پورے پنجاب میں ڈینگی مچھر کے لاروے کوختم کرنے کے لیے تمام سکولز کالجز،اسپتالوں اور سرکاری اداروں میں انتظامی عملہ کام جاری رکھے گا۔
دوسری جانب پنجاب کے تمام سکولوں اور کالجز میں یونیفارم میں آدھے آستینوں کی قمیضیں اور نیکر پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور ڈینگی مچھر کے کاٹنے سے بچنے کے لیے جسم کو پوری طرح ڈھانپنے والے یونیفارم پہنانے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔