1 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 20:30
پنجاب بھر میں ڈینگی پھر سر اٹھانے لگا
اے آر وائی - پنجاب بھر میں ڈینگی پھر سر اٹھانے لگا مختلف اضلاع میں درجنوں مریضوں کو وائرس میں مبتلا ہونے کے شبے میں اسپتال میں داخل کرلیا گیا ہے جبکہ روالپنڈی میں کانگو وائرس سےایک مریض چل بسا۔ پنجاب میں ڈینگی بخار کے کیسز پھر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں ۔
اب تک صوبے میں پچیس مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ راولپنڈی ڈویژن بھرکےسرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی بخار میں مبتلا ہونے کے شبہےمیں اکیاسی مریضوں کو داخل کیا گیا جن کے خون کے نمونے ٹیسٹ کئےجارہےہیں۔ شہر میں ڈینگی وائرس کے خاتمے ہنگامی بنیادوں پر اسپرے شروع کردیا گیا ہے ۔
فیصل آباد میں ڈینگی کے دومریض الائیڈ ہسپتال لائےگئے ۔ شہر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد تین ہو گئی ہے ۔ راولپنڈی کی ہولی فیملی ہسپتال میں چوا سیداں شاہ کا رہائشی رزاق کانگو وائرس میں مبتلا ہو کر دم توڑگیا۔ مریض کی میت حفاظتی اقدامات کرنےکے بعد ورثا کے حوالے کی گئی جس کو آبائی علاقے میں سپرد خاک کردیا گیا۔