2 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 19:27
ڈینگی مچھر نے پنجاب کے بعد کراچی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا
اے آر وائی - ڈینگی مچھر نے پنجاب کے بعد کراچی کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔بارش کے بعد شہریوں میں ڈینگی کا خوف طاری ہوگیا ہے۔ گزشتہ سال کراچی میں 1200 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی جن میں سے 10 مریض ہلاک ہوئے ۔ تاہم رواں سال میں اب تک کراچی میں ڈینگی کے 166 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مون سون کا آغاز ہوتے ہیں شہریون میں ڈینگی وائرس کا خوف طاری ہوگیا ہے اور ڈینگی کی کیا علامات ہیں اور اس سے بچاوٴ کس طرح ممکن ہے اس سے عوام کی بڑی تعداد بے خبر دکھائی دیتی ہے۔ ڈینگی وائرس ے بچاوٴ کے لئے بعض شہری پپیتے کے پتوں کا استعما بھی کرتے ہیں تاہم ماہرین کے مطابق سائنسی اعتبار سے ڈینگی وائرس کا علاج ان گھریلو ٹوٹکوں سے ممکن نہیں۔
ماہر امراض خون کے مطابق ڈینگی بخار کا واحدعلاج پلیٹلٹس کی بروقت فراہمی ہے چونکہ عام انسان کے جسم میں خو ن جمانے والی پلٹلٹس کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے ساڑھے چار لاکھ ہوتی ہے تاہم ڈینگی وائرس کے شکار مریضوں میں پلیٹلٹس کی تعداد کم ہوکر تیس ہزار رہ جاتی ہے۔ جبکہ ڈینگی بخار سے بچاوٴ کے لئے ماہرین کا کہنا ہے کہ اپنے گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں۔