تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
3 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 19:42

غیرقانونی ترقیاں کیس:ڈی ایس پی مقصود ملک پر تشدد

اے آر وائی - سپریم کورٹ میں پولیس افسران کی غیر قانونی ترقیوں کے کیس کیس سماعت کے بعد ایس ترقیاں پانے والے افسران اور ان کے حامیوں نے درخواست گزار ڈی ایس پی مقصود ملک پر دھاوا بول دیا جنہیں بمشکل وہاں سے نکال کر ان کی کار تک پہنچایا گیا۔



انصاف کا مطالبہ ڈی ایس پی مقصود کو مہنگا پڑگیا۔ سپریم کورٹ میں اس معاملے کی سماعت کئی روز سے ہورہی ہے۔ درخواست گزار ڈی ایس پی مقصود ملک اس سے قبل بھی سماعت کے دوران غیر قانونی ترقیوں کے حوالے سے بنچ کے سامنے مختلف انکشافات کرتے رہے ہیں ۔ آج انہوں نے ایک افسر کی طرف اشارہ کرکے عدالت کو بتایا کہ یہ مجھ سے بیس سال جونیئر ہے لیکن آج یہ ایس ایس پی ہے اور میں ابھی تک ڈی ایس پی ہوں۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ پولیس حکام اپنے اختیارت کو امانت کے طور پر استعمال نہیں کرتے۔



سماعت ختم ہونے کے بعد ڈی ایس پی مقصود ملک عدالت سے باہر جارہے تھے کہ مین گیٹ پر ایسی ترقیاں پانے والے پولیس افسران اور ان کے حامیوں نے ان پر دھاوابول دیا اور تھپڑوں او گھونسوں سے ان کی تواضع کی۔ حملہ آوروں کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی مقصود کو ان کے خلاف درخواست دینے کی کیا ضرورت پڑی تھی۔



یہ ہنگامہ آرائی سپریم کورٹ اورشاہین کمپلیکس کی درمیانی سڑک پر تقریبا ً پندرہ منٹ تک جاری رہی جس کے بعد چند افسران مقصود ملک کو وہاں سے نکال کر ان کے گاڑی تک لے گئے اور انہیں روانہ کردیا ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.