5 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 18:9
پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز کا اہم شاہراہوں پر احتجاج اور دھرنا
اے آر وائی - پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز سروس اسٹرکچر کی بحالی اور مقدمات واپس لینے کیلئے صوبے کے مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں پر احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے ہڑتال نہ کرنے کے حکم کے پنجاب کے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کا نیا راستہ اختیار کرلیا۔ سروس اسٹرکچر کی بحالی اور مقدمے ختم کرنے کیلئے ینگ ڈاکٹرز پنجاب کے مختلف شہروں کی اہم شاہراہوں پر دھرنا دیا۔
لاہور میں جیل روڈ پر ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج اور دھرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ فیصل آباد میں ینگ ڈاکٹرز نے سرکلر روڈ پر دھرنا دیا، جس سے الائیڈ اسپتال روڈ بلاک ہوگئی۔ ڈاکٹرز کا کہنا تھا عدالتی حکم کے باوجود پنجاب حکومت نے بات نہین سنی۔
راولپنڈی میں مری روڈ پر بے نظیر اسپتال کے باہر ینگ ڈاکٹرز نے ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ دھرنے کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔ ملتان میں سرکاری اسپتالوں کے ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج کیا۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا دعویٰ ہے احتجاج کے دوران اسپتالوں میں کام معمول کے مطابق جاری رہے گا۔