10 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 23:4
لاہور: پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک، دو گرفتار
اے آر وائی - لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دو گرفتاراور ایک فرار ہوگیا۔ فائرنگ کے دوران ایک اے ایس آئی زخمی بھی ہوگیا۔
باٹا پور پولیس کے مطابق مخبر کی نشاندہی پر سنگین وارداتوں میں ملوث چار نامعلوم ڈاکووں کا تعاقب کرتے ہوئے گرین ٹاؤن کے علاقہ میاں چوک پرپہنچے تو ڈا کووں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی ، پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا اور دو ڈاکووں کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک فرار ہوگیا۔
واقعہ کے دوران باٹا پور پولیس کا اے ایس آئی اسرار زخمی ہوگیا۔ زخمی ڈاکو اور اے ایس آئی کو طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکو دم توڑ گیا۔ پولیس نے ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش مردہ خانے جمع کرادی ہے اور مفرور ڈاکو کا سراغ لگانے کے لئے تفتیش شروع کردی ہے۔