10 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 23:23
کراچی:فائرنگ سے سیاسی کارکن سمیت 8 افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں بد امنی کا سلسلہ جاری ہے آج بھی فائرنگ سے پولیس اہلکار اورسیاسی کارکن سمیت آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس نے موسمیات کے قریب مقابلے کے بعد دو بھتہ خوروں کو گرفتار کرلیا ۔
پولیس کے مطابق قائد آباد کے علاقے مدینہ ٹاون میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے، مقتولین کی شناخت ریت خان اور پروین کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔
اورنگی ٹاون سیکٹر گیارہ ڈبہ موڑ لال مسجد کے قریب مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے سیاسی کارکن کلیم اللہ زندگی کی بازی ہار گیا ۔اورنگی ٹاون سیکٹر گیارہ میں ہی فائرنگ کا ایک اور واقعہ پیش آیا جس میں تیس سالہ نا معلوم شخص دم توڑ گیا ۔ بلدیہ ٹاون گلشن غازی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پچاس سالہ خان پسند کو قتل کردیا ۔حسن اسکوائر کے قریب پولیس اہلکار اعجاز حسین زخمی ہو ا جس نے اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔ عیسی نگری پل کے قریب فائرنگ سےمصطفی اور گلبہار میں فائرنک سے کاشف امام زخمی ہوا جن کو طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب مبینہ ٹاون پولیس نے یونیورستی روڈ موسمیات کے قریب مقابلے کے بعد دو بھتہ خور فیصل اور اویس کو گرفتار کرلیا، ملزمان کے قبضے سے ایک دستی بم ،ایک ٹی ٹی پستول اور مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔ ادھر اجمیر نگری پولیس نے کاروائی کرکے اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی۔