11 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 22:47
کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش
اے آر وائی - ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی مون سون کے جاتے بادلوں نے جھڑی لگا دی، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش سے ہر طرف جل تھل ہوگیا، شاہراہ فیصل سمیت کئی علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک جام ہوگیا۔
سڑکوں پر پانی کھرا ہونے سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، ایئرپورٹ، ملیر، گلستان جوہر، شاہ فیصل کالونی ، ڈیفنس کلفٹن ، پی آئی بی کالونی ،میٹرویل،سائٹ، لیاقت آباد،پاک کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک تیز بارش ہوئی جس سے ہر طرف جل تھل ہوگیا۔
شارع فیصل پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک جام ہو گیا۔ بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہونے کی شکایات بھی موصول ہونا شروع ہوگئیں، ملیر،شاہ فیصل،کورنگی،قیوم آباد،میمن گوٹھ،لانڈھی میں بجلی معطل ہوگئی ۔
اے آر وائی کے نمائندے کے مطابق تیز بارش کے بعد شہر کے30 سے زائد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا جبکہ کے ای ایس سی کے ترجمان کا کہناہے کہ معمول کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری ہے، بارش کے باعث شہر کے 10فیڈرز متاثر ہوئے، رین ایمرجنسی ٹیمیں فیڈرزکی بحالی میں مصروف ہیں۔