18 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 9:55
کراچی: فائرنگ اور تشدد سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہو گئی
اے آر وائی - کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔تازہ واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد دس ہوگئی۔ گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب دستی بم حملے میں دو افراد زخمی ہوئے۔
رات گئے بلدیہ ٹاؤن کے علاقے سیکٹرساڑھے بارہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ پرانا حاجی کیمپ کے علاقے سے ایک لاش ملی۔ گلستان جوہر پر فیوم چوک کے قریب دستی بم کے حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔ اورنگی ٹاؤن سے تحریک طالبان پاکستان کے دو ملزمان کو گرفتارکر کے اسلحہ بر آمد کرلیا گیا۔
رام سوامی اور لیاری سے دو بوری بند لاشیں برآمد ہوئیں ۔ گلشن اقبال میں ایک عمارت سے دو خواتین کی لاشیں برآمد ہوئیں ، اورنگی ٹاوٴن اور شاہ فیصل میں ڈاکٹر شہزاد بابو اور فرحان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے حب ریور روڈ سے دو مبینہ ٹارگٹ کلرز محمد رفیق اور محمد صدیق کو گرفتار کرلیا۔