19 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 1:38
کراچی:فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 18افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں جہاں حیدری کے علاقے میں دھماکوں سے قیمتی جانوں کا نقصان ہوا وہیں شہر میں فائرنگ سے ہلاکتوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ فائرنگ اورپر تشدد واقعات میں اٹھارہ افراد جاں بحق ہوئے۔
پولیس کے مطابق کے ایم سی ورکشاپ پراناحاجی کیمپ کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، ہاکس بے مشرف کالونی میں فائرنگ سے چالیس سالہ جاویدزخمی ہوا جو دوران علاج دم توڑ گیا۔ حسن اسکوائر کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا، آگرہ تاج میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے جو دوران علاج چل بسے ، مقتولین کی شناخت پچیس سالہ نوید اور پچیس سالہ سلیم کے نام سے ہوئی ہے ۔
پان منڈی نانک واڑہ کے قریب فائرنگ سے اکرم عرف نہاری والا جاں بحق ہوگیا۔ نارتھ کراچی میں گھر سے ایک شخص کی تشددزدہ لاش ملی ، ملیر میمن گوٹھ میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے ، پی آئی بی میں فائرنگ سے حنیف نامی شخص جاں بحق ہوا، ملیر ملت گارڈن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا، نارتھ کراچی خواجہ اجمیر نگری میں ایک شخص ہلاک ہوگیا ۔
گورنر ہاؤس کے قریب جماعت اسلامی کی ریلی میں فائرنگ سے عبدالواحد جاں بحق ہوگیا ۔ بلدیہ نیول کالونی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا۔ پرانا گولیمار سے ایک شخص کی لاش ملی ، جامعہ کراچی کے قریب گاڑیوں سے بارہ سالہ لڑکی کی لاش ملی ، پاک کالونی میں گاڑی پر فائرنگ سے محکمہ تعلیم کا افسر معین خان جاں بحق ہوگیا، سائٹ ایریا میں چھریوں کے وار سے سی آئی ڈی پولیس اہلکار جانان جاں بحق ہوا۔