19 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 15:30
کراچی:آج فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں6افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی کارکن سمیت6افراد جاں بحق ،پی آئی بی میں کریکر دھماکہ اور فائرنگ میں ایک جاں بحق دو زخمی۔
پولیس کے مطابق پی آئی بی کے علاقے کراچی سینٹر والی گلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افرادگھر پر کریکر سے حملہ کرکے فرار ہوگئے اور فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے عمیر نامی ایک شخص نے اسپتال میں دم توڑدیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ملیر سٹی تھانے کی حدود غریب آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے غلام سرور کوپانگ اور عبدالغنی کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق غلام سرور کوپانگ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں کاروبار بندہوگیا۔
ملیر ملت گارڈن کے قریب سعودآباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے سلمان نامی شخص جاں بحق ہوا اورنگی ٹاون سیکٹر تیرہ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے اکرام نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھاکہ وہ راستے میں دم توڑ گیا،لیاری آگرہ تاج کالونی میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار غلام سرور جاں بحق ہوگیا،ناردن بائے پاس کے قریب سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی ہے۔