تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
19 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 18:4

کراچی: فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں نو افراد جاں بحق

اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار اور سیاسی کارکنان سمیت نو افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ پی آئی بی میں کریکر دھماکہ اور فائرنگ میں ایک جاں بحق دو زخمی ہوئے۔



پولیس کے مطابق پی آئی بی کے علاقے کراچی سینٹر والی گلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد گھر پر کریکر سے حملہ کرکے فرار ہوگئے اور فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے عمیر نامی شخص نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں بھگدڑ مچ گئی۔ تھانہ شارع نورجہاں کی حدود میں شپ اونر کالج کے قریب نامعلوم افراد نے ڈبوکی دوکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں خان بہادر جاں بحق جبکہ فیصل، شاہد ، اور جہانگیر زخمی ہوئے ۔ ترجمان اے این پی کے مطابق جاں بحق اور زخمی اے این پی کے کارکنان تھے ۔



دوسری جانب سے نارتھ ناظم آباد بلاک ایس میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وحید نامی شخص جاں بحق جبکہ اس کی بہن آمنہ زخمی ہوئی ۔ ملیر سٹی تھانے کی حدود غریب آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے غلام سرور کوپانگ اور عبدالغنی کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق غلام سرور کوپانگ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں کاروبار بندہوگیا۔ بن قاسم کے علاقے اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ سے پچاس سالہ وزیر خان زندگی کی بازی ہار گیا۔



ملیر ملت گارڈن کے قریب سعودآباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے سلمان نامی شخص جاں بحق ہوا۔اورنگی ٹاون سیکٹر تیرہ میں نامعلوم افراد کی گاڑی پر فائرنگ سے اکرام نامی شخص شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑ گیا،لیاری آگرہ تاج کالونی میں رات گئے نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار غلام سرور جاں بحق ہوگیا،ناردن بائے پاس کے قریب سے ایک شخص کی پھندا لگی لاش ملی ۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.