20 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 1:57
کراچی میں دہشت گردی ،مزید 12افراد قتل
اے آر وائی - کراچی میں امن وامان سے متعلق کیے گئے حکومتی دعوں کے برعکس قتل و غارت گری جاری ہے پر تشدد واقعات میں پولیس افسر سمیت مزید بارہ افراد قتل کردیے گئے۔ حب ریور روڈ پر گلشن مزدور کے سامنے پولیس کے سب انسپکٹر ملک مظہر اقبال کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ۔ لیاری کے علاقے کلاکوٹ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔ چاکیواڑہ میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں دو افراد قتل کیے گئے ۔ نبی بخش اورشاہراہ نور جہاں تھانوں کے حدود میں دو افراد مارے گئے ۔
پی آئی بی کے علاقے کراچی سینٹر والی گلی میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے ایک مکان پر دستی بم پھیک دیا اور فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے عمیر نامی شخص نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔۔ اسٹیل ٹاؤن میں فائرنگ سے پچاس سالہ وزیر خان زندگی کی بازی ہار گیا۔ نارتھ ناظم آباد بلاک ایس میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے وحید نامی شخص جاں بحق جبکہ اس کی بہن زخمی ہوئی ۔
ملیر سٹی تھانے کی حدود غریب آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے فائرنگ کرکے غلام سرور اور عبدالغنی کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق غلام سرور کوپانگ کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے ملیر ملت گارڈن کے قریب سعودآباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے سلمان نامی شخص جاں بحق ہوا۔اورنگی ٹاون سیکٹر تیرہ میں نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے سے اکرام نامی شخص جان بحق ہوگیا۔