22 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 14:33
کراچی:شیرشاہ آئل کمپنی میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا
اے آر وائی - کراچی کے علاقے شیر شاہ میں نجی آئل کمپنی میں لگنے والی آگ پر دس گھنٹے بعد قابو پالیا گیا۔آگ پر قابو پانے کے دوران چارفائر فائٹر زخمی ہوئے۔
فائر بریگیڈحکام کے مطابق رات گئے اچانک آئل کمپنی کے بیسمنٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے بیسمنٹ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے اسے تیسرے درجے کی قرار دیکر شہر بھر کے فائر ٹینڈر کو طلب کرلیا گیا ، شہری حکومت،پاک فضائیہ،کے پی ٹی،کنٹونمنٹ بورڈ،سول ایوی ایشن سمیت مختلف اداروں کے فائر ٹینڈر اور اسنارکل موجود تھے جو آگ پر قابوپانے کیلئے کوششیں کر رہے تھے،آتشزدگی پر قابو پانے کے دوران دو فائر فائٹرزخمی اور دوبے ہوش ہوئے جنھیں فوری طور پر امداد کیلئے نجی اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی محمد حسین سید رات بھر ریسکیو عملے کی نگرانی کرتے رہے،میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد حسین سید کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ آگ لگی عام تعطیل کی وجہ سے فیکٹری میں ملازمین موجود نہیں تھے اور جو افراد موجود تھے انہیں بحفاظت نکال لیا گیا ،ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری کے اندر بوائلر موجود ہے جن کے پھٹنے سے بہت نقصان ہوسکتا تھا، ممکنہ خطرے کے پیش نظر اطراف کی فیکٹریوں کو بھی خالی کرایاگیا ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو آگ پر فوری قابو کی ہدایت کی تھی۔