24 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 22:35
زیر تربیت پولیس اہلکاروں کی اکثریت اسپتالوں سے فارغ
اے آر وائی - کراچی میں رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر مین زہریلے کھانے سے بے ہوش ہونے والے ڈھائی سو سے زائد زیر تربیت پولیس اہلکاروں کی اکثریت کو طبیعت سنبھلنے پر اسپتالوں سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے ایک شخص کو تفتیش کے لیے حراست میں لے لیا ہے۔
کراچی کے رزاق آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں اتوارکی شام باسی کھانا کھانے سے دوسواٹھاون زیرتربیت اہلکاروں کی حالت بگڑ گئی تھی اور انیں تشویشناک حالت میں پہلے اسٹیل ٹائون اور پھر جناح اسپتال لایا گیا جہاں رات بھر یہ اہلکار زیر علاج رہے اور بیشتر اہلکاروں کو سانس لینے میں دشواری ر آکسیجن پر رکھا گیا ۔
ڈاکٹرز کے مطابق اہلکار باسی کھانا کھانے سے فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوئے جن میں سے بیشتر کی حالت اب سنبھل گئی ہے اور انہیں اسپتالوں سے روانہ کردیا گیا ہے ۔ اسپتال پہنچنے والے زیر تربیت اہلکاروں نے میڈیا کو بتایا تھا کہ انہٰیں اکثر سینٹر میں باسی کھانا دیا جاتا تھا اور اس بارے میں اگر کوئی شکایت کرے تو اسے سزا دی جاتی ہے ۔ اس واقعے کی تحقیقات کے لیے آئی جی سندھ فیاض لغاری نے ایڈیشنل آئی جی اقبال محمود اور ڈی آئی جی پولیس ٹریننگ سینٹرز کو ہدایت کررکھی ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم نے کچن سیل کردیا ہے اور کھانا فراہم کرنے والے شعبے کے انچارج کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے ۔
کچن سے برتن اور کھانے کے نمونے بھی لیبارٹری ٹیسٹ کے لیے روانہ کردیے گئے تاکہ اس واقعے سے متعلق جامع تحقیقات کی جاسکیں ۔