27 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 19:7
بلوچستان اسمبلی:قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے قرارداد منظور
اے آر وائی - بلوچستان اسمبلی نے اپنی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کے لئے ایک اور قرارداد منظورکرلی جبکہ اسمبلی کے ارکان نے پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے بارے میں سامنے آنے والے بیان پرشدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
،اسپیکر محمد اسلم بھوتانی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں صوبائی وزیر میر حبیب الرحمان محمد حسنی نے قرارداد پیش کی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ بلوچستان اسمبلی کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد نہیں ہوا جس کی وجہ سے صوبے کے پارلیمانی نمائندوں میں تشویش پائی جاتی ہے قرارداد کو بحث کے بعد منظور کرلیا گیا۔
اجلاس میں انسانی اعضاء کی پیوندکاری سے متعلق مسودہ قانون بھی منظورکرلیا گیا ،اجلاس میں پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارخیال کرتے ہوئے صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اور دیگر نے پیپلزپارٹی کے رہنما ندیم افضل چن کی جانب سے بلوچستان اسمبلی اور اس کے اراکین کے بارے میں سامنے آنے والے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے اسمبلی اراکین کا استحقاق مجروح ہوا ہے جس پر اسپیکر محمد اسلم بھوتانی نے رولنگ دی کہ پارلیمانی امور اور اطلاعات کے صوبائی وزراء فوری طور پر ندیم افضل چن سے وضاحت مانگیں اور اگر انہوں نے اپنے الفاظ واپس نہ لئے تو اسمبلی مذمتی قرارداد منظور کرے گی۔
رکن اسمبلی شیخ جعفر خان مندوخیل نے اجلاس میں صوبائی وزراء اور اراکین کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو وہ عدالت سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی اور دیگر وزراء توجہ دیں تو ندیم افضل چن جیسے لوگوں کو بولنے کی جرات نہیں ہوگی اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا گیا۔