28 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 18:18
کراچی: فائرنگ کے تازہ واقعات میں چار افراد جاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی کا راج ہے،شہر میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں چار افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ مختلف علاقوں سے دو افراد کی تشدد ذدہ لاشیں ملی کراچی کے علاقے گھاس منڈی میں فائرنگ سے اٹھائیس سالہ ارسلان جاں بحق ہوگیا ۔
گلشن اقبال نیپا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد نے موٹر سائیکل سوار کے اوپر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ گارڈن جیلانی مسجد کے قریب فائرنگ سے تیس سالہ آصف نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ گلبہار پیتل والی گلی میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے دکان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں مرزا سہیل بیگ نامی شخص زندگی کی بازی ہار گیا، پولیس کے مطابق مقتول کا کسی سیاسی و مذہبی جماعت سے تعلق نہیں۔
کورنگی ڈھائی نمبر میں بسم اللہ اسٹاپ کے قریب سے لاش ملی جس کی شناخت محمد عارف کے نام سے ہوئی ، اسپتال زرائع کے مطابق مقتول کے ہاتھ پاوں جھلسے ہوئے تھے جبکہ جسم پر تشدد اور گولیوں کے بھی نشانات موجود تھے۔ رات گئے آئی سی آئی پل کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی۔ مقتول کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ گلبہار ، گارڈن، اردو بازار اور ماری پور روڈ پر فائرنگ سے پانچ افراد زخمی بھی ہوئے۔