29 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 16:34
حکم خان شہید کی یاد پشاور کی فضا سوگوار
اے آر وائی - دو ماہ میں چھ بم ناکارہ بنا کر سیکڑوں شہریوں کی زندگیوں کو امان دینے والے پشاور پولیس کے بہادر انسپکٹر حکم خان ساتواں بم ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوگئے۔
دھماکہ خیز مواد سے زندگیوں کو تحفظ دینے والے پشاور پولیس کے بہادر سپوت حکم خان بم کو ناکارہ بناتے ہوئے شہید ہوگئے۔ دو مہینوں میں فرنٹیر روڈ پر بم ڈسپوزل اسکواڈنے انسپکٹر حکم خان کی سربراہی میں چھ بم ناکارہ بنائے۔
گزشتہ روز جب خیبر ایجنسی کے علاقے شیخان میں بم کی اطلاع پر اسکواڈ پہنچا تو حکم خان نے اپنے ساتھیوں کو احتیاط برتتے ہوئے پیچھے ہی رکھا اور خود بم ناکارہ بنانے کے لئے آگے بڑھےلیکن اگلے ہی لمحے ایک دھماکہ ہوا اور درجنوں شہریوں کی جان کو امان دینے والاخود قربان ہوگیا۔
پاسانی ولیج سے تعلق رکھنے والے جاں باز شہید حکم خان نے انیس سو اٹہتر میں محکمہ پولیس جوائن کیا اور افغان جنگ کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ کے سربراہ میجر غلام حسین کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کی۔حکم خان کے بیٹوں اکرم خان اور آتم خان میں سے ایک اب بھی بم ڈسپوزل اسکواڈ میں فرائض کی انجام دہی کر رہا ہے۔