30 ستمبر 2012
وقت اشاعت: 14:53
کراچی:چند گھنوں میں سات افراد موت کے گھاٹ اتار دیئے
اے آر وائی - کراچی میں بدامنی کا راج بدستور برقرارہے۔ چند گھنٹوں کے دوران مزید سات افراد موت کے گھاٹ اتاردیئے گئے۔ شہر کےمختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کاروائیوں میں تیس سے زائد ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔
شہر قائد میں رینجرز اور پولیس کےچھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود قتل و غارت کاسلسلہ جاری ہے۔ مبینہ ٹاؤن اور نیوکراچی میں اللہ والی چورنگی اور سندھی ہوٹل کے قریب بشیر چوک پر فائرنگ کر کے چار افراد موت کے گھاٹ اتاردیئے گئے۔ دو افراد ماڈل کالونی اور نارتھ کراچی انڈہ موڑ پر گولیوں کا نشانہ بنے۔ اورنگی بلاک ایل سے ہاتھ پاؤں بندھی لاش ملی۔
دہشتگردوں سے اعلیٰ پولیس افسر بھی محفوظ نہیں۔اُدھر نیپا چورنگی پر فائرنگ سے جاں بحق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملیرجیل عبدالرزاق عباسی اوراسسٹننٹ سپرنٹنڈنٹ پیرمسعود کی نماز جنازہ اداکردی گئی۔ دوسری جانب جرائم پیشہ افراد کے خلاف رینجرز کاکریک ڈاون جاری ہے۔ مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیوں کے دوران تیس سے زائد ملزم گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کیا گیا۔ زیر حراست افراد کے قبضے سے متعدد ہتھیار، سیکڑوں گولیاں اور منشیات کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔
ادھر بلدیہ سیکٹر آٹھ اور کورنگی سنگر چورنگی پر چھاپوں کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے رکاوٹیں کھڑی کر کے روڈ بلاک کردیا جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔