3 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 14:48
کراچی:فائرنگ اور تشدد کے مختلف واقعات،6افراد ہلاک
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں سیاسی کارکن اورخاتون سمیت چھ افراد جاں بحق اور جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ رینجرز نے آپریشن کے دوران متعدد افرا د کو حراست میں لے لیا۔
پولیس حکام کے مطابق نبی بخش تھانے کی حدود رامسوامی میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔جمشید کوارٹر تھانے کی حدود لسبیلہ کی کچرا کنڈی کے قریب سے ایک سیاسی جماعت کے کارکن عارف کی لاش ملی مقتول کو چند روز قبل سپر مارکیٹ تھانے کی حدود سے اغواء کیا گیا تھا۔نیپیر تھانے کی حدود نیپئر روڈ سے بھی دو افرادکی لاشیں ملی مقتولین کو تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا۔
بلدیہ ٹاوٴن کے شاہ محلہ میں امینہ نامی خاتون کو فائرنگ کرکے قتل کردیاگیا۔ قائد آباد کے علاقے گلشن بونیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سیف اللہ نامی شخص جاں بحق ہوگیا،سعید آباد میں دکان پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ڈیفنس کے علاقے درخشاں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب رینجرز نے نارتھ ناظم آباد اور پرانا گولیمار میں آپریشن کیا ہے جس میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیاگیا۔