تازہ ترین سرخیاں
 شہر شہر کی خبر 
4 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 9:58

لاہور حاجی کیمپ میں سہولیات کافقدان

اے آر وائی - لاہور میں عازمین حج کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے سرکاری سطح پر کیمپ لگایا گیا ہے مگر اس کیمپ میں دور دراز سے آنے والوں کے لیے رہائش تک کا بندوبست نہیں ہے اور دیگر مسائل تو کئی ہیںجن کے باعث عازمین حج شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔



لاہور کے حاجی کیمپ میں پنجاب کے دور دراز علاقوں سے بھی بڑی تعداد میں عازمین حج ٹریننگ ویکسینیشن اور کوائف کے سلسلہ میں آتے ہیں۔ حاجی کیمپ میں دیگر شہروں سے آنے والوں کی رہائش کے لیے ایسے کمرے مختص ہیں جہاں پر نہ کوئی پنکھا ہے نہ بلب ہاں چند بستر تو ہیں مگر انتہائی گرد آلود۔ یہی وجہ ہے کہ دوسرے شہروں سے آنے والے یہاں سے مایوس ہی لوٹ جاتے ہیں۔



کوائف کی تکمیل کے سلسلے میں آنے والے بھی اپنی بے بسی اور انتظامیہ کے مایوس کن رویہ پر نوحہ کناں ہوتے ہیں۔کیمپ حکام کے مطابق عازمین حج کو مفت کھانا کھلایا جاتا ہے مگر حقیقت تو یہ ہے کہ ایک مخیر شخص نے یہ کیمپ لگایا ہے جس سے عازمین تو کیا سرکاری ملازمین بھی خوب مزے سے کھاتے دکھائی دیتے ہیں۔



حاجی کیمپ میںرہائشی کمروں کی خستہ حالی اوردیگر ناکافی سہولیات سے اس امر کی عکاسی ہوتی ہے کہ حکام بالا عازمین حج کو آسودگی فراہم نہ کرنے کی روایت پر قائم ہیں اور اس روایت کا برقرار رہنا انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.