6 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 21:52
لیاقت باغ میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا، ثروت اعجاز
اے آر وائی - پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ملک میں جاری بدامنی، دہشت گردی، کرپشن اور لوٹ کھسوٹ کے خلاف کل لیاقت باغ راولپنڈی میں آزاد پاکستان کانفرنس میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔
یہ باغ انہوں نے لیاقت باغ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ ثروت اعجاز قادری نے بتایا کہ پاکستان سنی تحریک آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے حصہ لے گی۔ اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں سے اتحاد کے لیے سنی تحریک کے سیاسی ونگ کی مشاورت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے بدترین حالات کی ذمہ دار تینوں برسراقتدار جماعتیں ہیں اور عدلیہ نے بھی کراچی میں امن قائم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک کے ترسٹھ رہنماوٴں اور کارکنوں کے قاتلوں کو آج گرفتار نہیں کیاجاسکا۔
ثروت اعجاز نے کہا کہ پاکستان میں ڈرون حملے اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرملکی ایجنٹ پاکستان کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے غداروں کو وزارتیں دے کر پارلیمنٹ میں بیٹھا دیا گیا ہے۔ سنی تحریک بھرپور عوامی ترجمانی کا حق رکھتی ہے اور انہیں عوامی حمایت حاصل ہے۔ اس موقع پر انہوں نے راولپنڈی میں کل ہونے والے جلسے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا۔