8 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 19:47
خیر پور واقعے کے خلاف سندھ بھر میں یوم سوگ منایا گیا
اے آر وائی - خیر پور فائرنگ واقعے کے خلاف سندھ بھر میں یوم سوگ منایا گیا،خیر پور میں تعطیل رہی۔ پولیس نے آٹھ مشتبہ افراد گرفتار کرلئے۔ صحافی مشتاق کھنڈ کی شہادت پرکراچی اور خیرپورمیں صحافتی تنظیموں نے مظاہرے کیے۔
خیر پور میں پیپلز پارٹی کے جلسے میں فائرنگ سے سات افراد ہلاکت کے خلاف سندھ بھر میں یوم سوگ منایا گیا۔ شہر میں سیکیورٹی انتہائی سخت کردی گئی۔ پولیس اور رینجرز کا گشت جاری رہا۔ دوسری طرف فائرنگ سے جاں بحق افراد آبائی علاقوں میں سپرد خاک کردیئے گئے۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماؤں، کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اُدھر واقعے میں شہید صحافی مشتاق کھنڈ کی تدفین احمد پورکے قریب کی گئی۔ شہیدکی نماز جنازہ میں صحافیوں اور مقامی افراد کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ خیرپور پریس کلب میں تعزیتی اجلاس بھی ہوا جس میں ملزمان کی گرفتاری اور شہید اور زخمی ہونے والوں کے ورثاء کی مالی امداد کا مطالبہ کیا گیا۔
اتوار کی شب گوٹھ صدورو جانوری میں جلسے کے شرکا وزیراعلی سندھ کی صاحبزادی اور ایم این اے نفیسہ شاہ کے استقبال کے لیے کھڑے تھے نامعلوم افراد فائرنگ کرکے فرار ہوگئے تھے۔ وزیر اعظم نے نفیسہ شاہ کوفون کرکے خیریت دریافت کی اور کارکنوں کی ہلاکت پرافسوس کا اظہارکیا۔ صدر اور وزیر اعظم نے واقعے کی سخت مذمت کرتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیراعلی سندھ نے نے آئی جی سندھ کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت کی۔
بلاول ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے جیالے دہشت گردی کے ہتھکنڈوں سے بلیک میل ہونے والے نہیں۔ ترجمان کے مطابق واقعےمیں وہی دہشتگرد ملوث ہیں جو کراچی سمیت ملک بھر میں جیالوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں ۔ ملک بھر سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے واقعےکی شدید مذمت کی۔