10 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 1:43
کراچی:فائرنگ اور پرتشددواقعات میں 6افرادجاں بحق
اے آر وائی - کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں چھ افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق کھارادر میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں سولہ سالہ لڑکے سمیت دوافرادجاں بحق ہوئے۔ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب فائرنگ سے پینتیس سالہ جہانگیر جاں بحق ہوا۔میوہ شاہ قبرستان کے قریب سے دو افراد کی لاشیں ملیں ،جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیاتھا۔نیو کراچی بلال کالونی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہزاد نامی شخص کو قتل کردیا۔
کراچی کے علاقے منظور کالونی میں ہونے والی ڈکیتی علاقہ مکینوں نے ناکام بنادی ۔ شہریوں کی فائرنگ اور تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔ پولیس حکام کے مطابق دوملزمان نے سامان سپلائی کرنے والی سوزوکی کے کیشیئر سے رقم لوٹنے کی کوشش کی واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آروائی نیوز کو موصول ہوگئی ۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزم نے کیشیئر کو بندوق دکھائی اور رقم لوٹنے کی کوشش کی جس پر ان کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی اور لوگوں نے ڈاکو کو گھیر لیا جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوا جسے شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا شہریوں کی فائرنگ اور تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا ۔
پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوکورنگی کے رہائشی ہیں جن کی شناخت حسن اور شاہ زیب کے نام سے ہوئی ملزمان کے قبضے سے ایک پستول بھی بر آمد ہوا ہے ۔