10 اکتوبر 2012
وقت اشاعت: 22:30
نام نہاد قوم پرست بلاجواز عوام کو اکسارہے ہیں،صوبائی وزراء
اے آر وائی - پاکستان پیپلز پارٹی نے بلدیاتی قانون کی حمایت میں 15 اکتوبر کو حیدرآباد میں بڑے جلسے کا اعلان کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے صوبائی وزراء کا کہنا ہے کہ نام نہاد قوم پرست بلاجواز پروپیگنڈہ کرکے عوام کو اکسارہے ہیں۔
حیدرآباد میں رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی کی رہائش گاہ پر وفاقی وزیر سیاسی امور مولابخش چانڈیو، صوبائی وزراء پیر مظہر الحق، آغا سراج درانی، شرجیل میمن، ایاز سومرو، زاہد بھرگڑی ، رفیق انجینئر، مخدوم جمیل الزماں نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران پیپلزپارٹی کے وزراء اور اراکین سندھ اسمبلی کے گھروں پر ہونے والے حملوں کو بزدلانہ کاروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے صبر کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سیاست کا جواب سیاست سے ہی دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تخت لاہور سے پیسہ لے کر نام نہاد قوم پرست سندھ میں خانہ جنگی کرانے کی سازش کررہے ہیں، 15 اکتوبر کو حیدرآباد میں جلسہ کرکے ثابت کردیں گے کہ عوام کس کے ساتھہ ہیں۔ وفاقی وزیر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بعض عناصر اپنی لڑائیاں سندھ کی گلیوں میں منتقل کرنا چاہتے ہیں، حالات اس نہج پر نہ لائے جائیں کہ پھر آگ بجھائی نہ جاسکے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین اسمبلی کے گھروں پر ہونے والے حملوں میں وہی لوگ ملوث ہیں جو ہمیں دھمکیاں دے رہے تھے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف نام نہاد قوم پرستوں کو فنڈنگ کررہے ہیں اور سندھ میں ایک سول وار کی سازش کی جارہی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر پیر مظہر الحق نے کہا کہ بلدیاتی نظام سندھ کی تقسیم کی سازش نہیں بلکہ کچھہ لوگ احتجاج کی آڑ میں سندھ کے مستقل باشندوں کو لڑانے کی سازش کررہے ہیں۔ صوبائی وزیر بلدیات آغا سراج درانی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے پٹاخوں سے ڈرنے والے نہیں، ہماری اتحادی پارٹیاں ان لوگوں کے پیچھے چل رہی ہیں جو کونسلر کی ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتے۔ انہوں نے کہا کہ ہم قوم پرستوں اور تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کے لئے تیار ہیں اگر کسی کے پاس کوئی تجاویز ہیں تو ہمیں دیں ہم بلدیاتی نظام میں ترامیم کے لئے تیار ہیں۔